Menu

Quran Academy Defence

j

قرآن اکیڈمی ڈیفنسانجمن خدّام القرآن سندھ کراچی کاسب سے پہلا قائم ہو نے والاوہ ذیلی ادارہ ہےجس کی بنیاد 1991ءمیں خود صدر مؤسس محترم ڈاکٹر اسرار احمد ؒ نے رکھی۔ اللہ رب العزت کا بے انتہاء فضل ہے کہ یہ ادارہ اپنے قیام کے وقت سےہی بلا کسی تعطل کے تعلیم و تعلّمِ دین کے عظیم فریضے کی ادائیگی میں مصروف ہے۔ یہ ادارہ تقریباً چار ہزارمربع گز کے رقبے پر مشتمل ہے جس پر تعمیر شدہ عمارات کا رقبہ تقریباً ساٹھ ہزار مربع فٹ ہے۔ادارے کی عمارت دیگر شعبہ جات کے ساتھ ساتھ ایک وسیع و عریض جامع مسجد پر مشتمل ہے۔ ادارے میں موجود دیگر شعبہ جات کا مختصر تعارف ذیل میں پیشِ خدمت ہے۔


بحیثیت مسلمان ہماری اہم ذمہ داری ہے کہ دین کا بنیادی علم حاصل کریں اور بالخصوص قرآنِ حکیم کو جو سرچشمۂ ہدایت ہی نہیں منبعِ ایمان ویقین بھی ہے سمجھ کر پڑھیں، اِس سے ایمانی قوت حاصل کریں اور ہدایت ونصیحت اخذ کریں تاکہ عملی زندگی کو اِس کے مطابق استوار کیا جاسکے ۔ یہ چیز اگرچہ ہر مسلمان کے لیے لازم و واجب ہے لیکن اُن لوگوں کے لیے جنہوں نے جدیدتعلیم کے حصول میں برسہا برس صرف کیے ہوں ، لزوم کا درجہ رکھتی ہے ۔ اگر یہ لوگ علمِ قرآنی کے حصول سے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو روزِ قیامت اللہ کے سامنے کیا عذر پیش کریں گے کہ جدید علوم حاصل کرنے کے لیے تو کئی سال اور کتنا سرمایہ صرف کیا لیکن علمِ قرآن کے حصول سے محروم رہے۔
ایسے حضرات و خواتین جو جدیدتعلیم حاصل کرچکے ہوں قرآن فہمی کورس کے ذریعے عربی زبان کے بنیادی قواعد اور اُن بنیادی دینی علوم سے آراستہ کیا جاتا ہے جو قرآنِ حکیم کو سمجھ کر پڑھنے،سمجھنے اور فہمِ دین کے حصول کے لیے ضروری ہیں۔الحمد للہ 1991ء سے قرآن اکیڈمی ڈیفنس میں مذکورہ مقاصد کے حصول کے لیے قرآن فہمی کورس کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید برآں پیشہ ورانہ مصروفیات کے حامل افرادو دیگر کے لیے شام کے اوقات میں عربی گرامر، تجوید،عربی تکلم، حدیث و سیرت اور منتخب نصاب کورسز بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔

قرآن اکیڈمی ڈیفنس کے زیر اہتمام مدرسۃ البنین و البنات کا قیام 1998ء میں عمل میں آیا اور الحمد للہ تاحال بچوں اور بچیوں کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے یہ ادارہ اپنی خدمات بہترین طریقے سے ادا کررہا ہے۔ مدرسہ میں بچوں اور بچیوں کو علیحدہ علیحدہ قاعدہ اور ناظرہ قرآنِ کریم کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی دینی تعلیمات سے بھی آراستہ کیا جاتا ہے۔ جن کا تعلق طہارت، نماز، معمولاتِ زندگی اور اخلاقیات و آداب سے ہے۔ قرآن کریم کی تعلیم باقاعدہ قواعد تجوید کے ساتھ ہوتی ہے اوراخلاقی تربیت کے لئے ہفتہ وار لیکچرز کا اہتمام کیا جاتاہے۔
موسم گرما کی تعطیلات میں مدرسۃ البنین کے طلبہ اور دیگر بچوں کی دینی تربیت کے لیے ایک کورس بنام Youth Islamic Camp منعقد کیا جاتا ہے۔ جس میں چوتھی کلاس سےچھٹی کلاس تک کے طلبہ شرکت کرتے ہیں۔ طلبہ کوتعلیمی دورے پر بھی لے جایا جاتا ہے اور کورس کے اختتام پر کامیاب طلبہ کو اسناد دی جاتی ہیں۔

ایک اچھے معاشرے اور ایک اچھے مستقبل کے لیے ایک ماں کی اچھی تربیت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ اس ضرورت کے پیش نظر شعبۂ خواتین میں وقتاً فوقتاً محاضراتِ قرآنی کا اہتمام کیا جاتا ہے مزید براں فکرِ قرآنی کی ترویج کے لیے قرآن فہمی کورس، عربی گرامر برائے قرآن فہمی،تجوید قرآن حکیم، حفظِ قرآن اور ترجمۂ قرآن حکیم کی کلاسز بھی شامل ہیں۔

ادارہ ہٰذا میں ایک وسیع مسجد بنام مسجد جامع القرآن قائم ہے جس میں گزشتہ کئی سالوں سے دعوتی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں ہفتہ وار بنیاد پر ایک بڑا اجتماع نمازِجمعہ کی صورت میں منعقد ہوتا ہے جس میں عوام الناس کی ایک بڑی تعداد شرکت کرتی ہے ، جو بڑے پیمانے پر منبر و محراب سے اعلاء کلمۃ اللہ کی آواز بلند کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک کی با برکت ساعتوں میں دورۂ ترجمہ قرآن کی محفل بھی مسجد کی پر نور فضا میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔اسی طرح رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شہر بھر سے افراد کی ایک بڑی تعداد اعتکاف کرتی ہے،اس اعتکاف میں معتکفین حضرات نہ صرف شب بھر قرآن مجید کےذریعے اپنے ایمان کی آبیاری فرماتے ہیں بلکہ دن کا بھی اکثر و بیشتر حصہ مسجد انتظامیہ کی جانب سے منعقدکیے جانے والے تربیتی کورسز میں شریک ہو کر بنیادی دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔

اکیڈمی ہٰذا میں انجمن کے شعبۂ سمع و بصر کے تحت 2003ء سے قرآن اسٹوڈیو بھی کام کر رہا ہے جس میں مختلف مدرّسین کے لیکچرز اور دُروس کی معیاری آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگز کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ ریکارڈنگ کے بعد جدید کمپیوٹر اور پروفیشنل سافٹ ویئرز کے ذریعہ اِن تمام پروگراموں کی ایڈیٹنگ کی جاتی ہے۔ بعد ازاں یہ پروگرامز DVDs، انٹرنیٹ اور مختلف ٹی وی چینلز کے ذریعہ سے عوام الناس کے استفادہ کے لیے نشر کیے جاتے ہیں۔

ادارے کے تحت ایک کتب خانہ بھی موجود ہے جس میں مختلف موضوعات پر مشتمل کتب کا ذخیرہ ہے جس سے عام طور پر ادارے کے اساتذہ مستفید ہوتے ہیں۔کتب خانے میں مو جود کل کتب کی تعداد 3500ہے۔

بانیٔ محترم ڈاکٹر اسرا حمد ؒ کی کُتب، CDs اور DVDs عوام الناس کے استفادہ کے لیے ادارے کے تحت ایک کتب خانہ بھی موجود ہے جس میں بانیٔ محترمؒ کے علاوہ انجمن کے دیگر مدرسین کی کتب اور CDs موجود ہیں ۔

شعبۂ مطعم کے تحت ادارہ میں مقیم اسٹاف کو تین اوقات طعام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کئی چھوٹے بڑے اجتماعات کے لیے Refreshment اور طعام کی خدمات بھی یہ شعبہ انجام دیتا رہا ہے۔

مکمل پتہ:مسجد جامع القرآن، قرآن اکیڈمی، خیابانِ راحت، درخشاں، ڈیفنس فیز 06، کراچی


رابطہ نمبر:24 - 35340022 021


ای میل ایڈریس: Defence@QuranAcademy.com